بورےوالا (نامہ نگار) اے آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے اختیارات کے ناجائز استعمال، تشدد اور غیر قانونی حراست کے الزامات ثابت ہونے پر بڑا...
بورےوالا (نامہ نگار) اے آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے اختیارات کے ناجائز استعمال، تشدد اور غیر قانونی حراست کے الزامات ثابت ہونے پر بڑا انضباطی ایکشن لیتے ہوئے سب انسپکٹر رؤف اقبال گجر کو ملازمت سے فارغ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر رؤف اقبال گجر، جو تھانہ شیخ فاضل میں بطور ایس ایچ او تعینات رہے، کے خلاف ایک ریٹائرڈ انسپکٹر اور اس کے بیٹے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے اور غیر قانونی طور پر تھانے میں حراست میں رکھنے کی شکایت سامنے آئی تھی۔ شکایت پر اعلیٰ حکام کی جانب سے انکوائری کا حکم دیا گیا جس میں متعدد سنگین الزامات کی تحقیقات کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کے دوران بدسلوکی، تشدد اور متاثرہ افراد کو غیر قانونی طور پر تھانے میں رکھنے کے الزامات درست ثابت ہوئے۔ مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ متاثرہ افراد کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے مقدمات درج کرنے کی کوشش کی گئی۔
تحقیقات کے دوران متعلقہ پولیس افسر اپنے مؤقف کے حق میں ویڈیو ثبوت یا سی سی ٹی وی فوٹیج پیش نہ کر سکے جس کے باعث الزامات مزید مضبوط ہو گئے۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اے آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے سخت محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس رولز کے تحت سب انسپکٹر رؤف اقبال گجر کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
پولیس حکام کے مطابق محکمہ پولیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال، شہریوں سے بدسلوکی اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا

کوئی تبصرے نہیں