Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

Pages

بریکنگ نیوز

latest

ساہیوال میں ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 لاکھ سے زائد جرمانے، 21 افراد گرفتار

  ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر ع...

 


ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق پرائس کنٹرول میکنزم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ بات منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری پرائس کنٹرول اقدامات اور فیلڈ کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ چار روز کے دوران ضلع بھر کی مارکیٹوں، بازاروں اور کریانہ سٹورز میں مجموعی طور پر 6 ہزار 718 انسپکشنز کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی پر 4 لاکھ ایک ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 4 دکانوں کو سیل کر دیا گیا اور 21 افراد کو گرفتار بھی کروایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دکاندار کو مقررہ قیمتوں سے تجاوز کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں، بازاروں اور دکانوں کی چیکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد ہر صورت ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ مارکیٹوں میں قیمتوں کے استحکام اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول اقدامات کو مزید مؤثر بنائے گی تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر میسر آ سکیں۔

کوئی تبصرے نہیں