چیچہ وطنی اور اس کے نواحی علاقوں میں نقب زن گروہوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے شہریوں، زمینداروں اور اوورسیز پاکستانیوں کو شدید تشویش میں مب...
چیچہ وطنی اور اس کے نواحی علاقوں میں نقب زن گروہوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے شہریوں، زمینداروں اور اوورسیز پاکستانیوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مختلف تھانوں کی حدود میں ہونے والی درجنوں وارداتوں کے دوران نقب زنوں نے گھروں، ڈیروں اور زرعی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً ایک کروڑ روپے سے زائد کی نقدی، زیورات، قیمتی سامان اور مویشی لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر چیچہ وطنی، تھانہ کسووال اور تھانہ شاہ کوٹ کی حدود میں متعدد سنگین وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ کینال کالونی میں اوورسیز پاکستانی شاہد نصیر باجوا کے بیٹے احمد نصیر کے گھر سے موٹر سائیکل، نقدی اور زیورات 3 لاکھ 16 ہزار روپے مالیت کے چوری کر لیے گئے۔
ارشاد ٹاؤن میں محمد ندیم کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا سامان جبکہ چک 62/5-L میں سائرہ بی بی کے گھر سے ایک لاکھ روپے نقدی لے جائی گئی۔
چک 72/5-L میں محمد فیاض کے گھر سے 5 لاکھ 15 ہزار روپے کی نقدی اور زیورات، چک 63/4-R میں راحیل بہادر کے گھر سے بکریاں اور بکرے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے جبکہ چک 141/9-L میں اشفاق احمد کے گھر سے مویشی ایک لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کے چوری کر لیے گئے۔
چک 41/12-L میں افضل محمود ناصر کے گھر سے بجلی کی تاریں اور دیگر سامان ایک لاکھ 22 ہزار روپے مالیت کا، چک 113/7-R میں عاصم شریف کے گھر سے موٹریں ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی، اور چک 25/14-L میں محمد رمضان کے ٹیوب ویل سے بجلی کا ٹرانسفارمر 5 لاکھ روپے مالیت کا چرا لیا گیا۔
چک 3/14-L میں حلیمہ بی بی کے گھر سے 4 لاکھ 25 ہزار روپے کے زیورات و نقدی، چک 138/9-L میں محمد عرفان کے ڈیرہ سے چار بھینسیں اور بکریاں 18 لاکھ روپے مالیت کی، چک 110/9-L میں عبدالغفور کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا سامان جبکہ چک 145/9-L میں وقار احمد کے گھر سے چار بھینسیں 16 لاکھ روپے مالیت کی لوٹ لی گئیں۔
اسی طرح چک 110/9-L میں علی اکبر کے گھر سے 10 لاکھ روپے نقدی، 22 لاکھ روپے کے زیورات، موبائل فون اور ایل سی ڈی ٹی وی جن کی مجموعی مالیت 3 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، چوری کر لی گئی۔ چک L 65/5 میں نوید اختر کے گھر سے بھی 3 لاکھ روپے مالیت کا سامان لے جا کر ملزمان فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں تھانہ صدر چیچہ وطنی، کسووال اور شاہ کوٹ سمیت متعلقہ تھانوں میں 14 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں تاہم تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔ بڑھتی ہوئی وارداتوں پر چیچہ وطنی کے شہریوں اور زمینداروں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس گشت میں اضافہ اور نقب زن گروہوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے

کوئی تبصرے نہیں